نئی دہلی3ستمبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے بھارتی ثقافت کو عالمی ثقافت بتاتے ہوئے کہا ہے کہ تمام افراد کی فلاح و بہبود اور خوشی کی ترجمان ثقافت میں مذہب، ذات اور جنس یا کسی دوسرے کی بنیاد پر امتیازی سلوک کسی بھی قوم پرست کے لئے قابل قبول نہیں ہے۔
نائیڈو نے نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین کے طور پر ایک سال کی مدت کے تجربات پر مبنی اپنی کتاب کے رسم اجرا کی تقریب میں کہا کہ بھارتی ثقافت دنیا کی بہترین ثقافت ہے، اس کو قائم رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا’’ ویسودھوکوٹمب ‘‘بھارتی فلسفہ کی روح ہے اور اس میں سب کا خیال رکھنے کا پیغام موجود ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، ایچ ڈی دیوگوڑا، وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور راجیہ سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما کے ساتھ نائیڈو کی طرف سے مرتب کتاب کا اجراء کیا ۔
نائیڈو نے ملک کے تکثیری ثقافتی ورثے کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ’’ بھارت ماتا‘‘ کی جے کے اعلان کا مطلب ذات اور عقیدہ کو پرے رکھتے ہوئے ملک کے سوا سو کروڑ لوگوں کا ترقی چاہنا ہے۔ سماجی تعصب کو اس کے خلاف بتاتے ہوئے نائب صدر نے کہاکہ مذہب ،ذات یا جنس کی بنیاد پر، کسی بھی قسم کی تفریق کسی بھی قوم کے لئے قابل قبول نہیں ہے۔ ہم میں سے ہر ایک کی یہی خواہش ہونی چاہیے اور مجھے امید ہے کہ ہم سب اسی سمت میں آگے بڑھیں گے، جس سے ملک بھی تیز رفتاری کے ساتھ آگے بڑھ سکے۔